پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے گئے، بابر یوسفزئی

معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہادر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔جمعہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دہشت گرد عناصر کے خلاف ریاستی عزم کا واضح مظہر ہے۔

کوئٹہ۔ 05 جون (اے پی پی):معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہادر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔جمعہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دہشت گرد عناصر کے خلاف ریاستی عزم کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، تاہم انہیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنایا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور انہیں ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور امن دشمن عناصر کے خلاف قومی یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب نہیں کر سکتے اور ریاست ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ادارے یکسو اور پرعزم ہیں۔معاون محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر بہادر افسران اور جوان پوری قوم کے فخر اور خراج تحسین کے مستحق ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔