پاکستان میں بچوں کی آنکھوں کے کینسر کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر تنزیلہ فرح

196
پاکستان میں بچوں کی آنکھوں کے کینسر کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر تنزیلہ فرح

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال میں بچوں کی بینائی کی ماہر ڈاکٹر تنزیلہ فرح نے کہا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی آنکھوں کے کینسر کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور تقریباً 30 فیصد مریض بچے ہیں جو ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، ایک سال میں بچوں کی آنکھوں میں کینسر کے سولہ سو کیس رجسٹر کئے گئے جبکہ چار سو بچوں کا علاج کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا یا گیا، مرض کی تشخیص سے لے کر کیموتھراپی تک ہر مرحلہ ایک چھت کے نیچے سرانجام دیا گیا۔

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ لوگوں میں اس ضمن میں آگہی بڑھ رہی ہے، خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بچوں کی آنکھوں کے کینسر کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور تقریباً 30 فیصد مریض بچے ہیں جو ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

ڈاکٹر تنزیلہ فرح نے کہا کہ بروقت علاج سے بچے کی بینائی بچ سکتی ہے تاہم کسی ماہر سے مشورہ نہ کرنے کی صورت میں مریض کی بینائی میں کمی یا آنکھ ضائع ہو سکتی ہے جبکہ بعض صورتوں میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنکھوں کے کینسر کا علاج ایک طویل اور بہت مہنگا عمل ہے مگر ہم غریب مریضوں کا مفت علاج کرنے کے لیے پرعزم ہیں، مریض کی کیموتھراپی کے بعد ہر چھ ماہ بعد مریض کی معائنہ کیا جاتا ہے اور بعض مریضوں کو 5 سے 7 سال تک چیک کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ الشفاء ٹرسٹ نے گزشتہ تین دہائیوں میں بین الاقوامی معیار کے پانچ آنکھوں کے ہسپتال قائم کئے ہیں جن میں راولپنڈی، کوہاٹ، سکھر، مظفرآباد اور چکوال شامل ہیں۔ الشفاء راولپنڈی ایشیا کا سب سے بڑا بچوں کی آنکھوں کا ہسپتال ہے۔