پاکستان میں بھارت اور افغانستان سےدہشتگردی میں استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے،وزیر مملکت برائے داخلہ کی انٹرنیشنل میڈیا کوبریفنگ

خرم شہزاد اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے انٹرنیشنل میڈیا کوبریفنگ کے دوران بھارت اور افغانستان سے چلائے جانے والے ان درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کیں جو ملک میں دہشتگردی کو فروغ دینے میں استعمال ہو رہے ہیں۔ حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر اپنے دفاتر پاکستان میں قائم کرنے اور ملک کے قوانین پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔جمعرات …

خرم شہزاد

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے انٹرنیشنل میڈیا کوبریفنگ کے دوران بھارت اور افغانستان سے چلائے جانے والے ان درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کیں جو ملک میں دہشتگردی کو فروغ دینے میں استعمال ہو رہے ہیں۔ حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر اپنے دفاتر پاکستان میں قائم کرنے اور ملک کے قوانین پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔جمعرات کو وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل کی جانب سے غیر ملکی میڈیا کو بریفنگ دی گئی جس میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور اس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی پالیسی کی وضاحت کی گئی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے انکشاف کیا کہ حکومت پاکستان نے مختلف دہشتگرد تنظیموں، جن میں فتنہ الخوارج اور بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) شامل ہیں، کے درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے اور متعلقہ پلیٹ فارمز کو ان کی بندش کے لیے بارہا درخواستیں کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشتگردی سے متعلق یہ اکاؤنٹس افغانستان اور بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں اور حکومت کے پاس اس کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

طلال چوہدری نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) الگورتھم کے ذریعے دہشتگردی سے منسلک اکاؤنٹس کو فوری طور پر بند کرنا چاہیے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر اپنے دفاتر پاکستان میں کھولنے اور قانونی تقاضوں کے مطابق عمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اداروں کو آئی پی ایڈریس فراہم کیے جائیں اور پاکستان کے سوشل میڈیا سے متعلق قوانین پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فوری طور پر پاکستان میں بند نہیں کرنا چاہتی، بلکہ وہ تعاون اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔طلال چوہدری نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے تعاون کی سطح کا بھی ذکر کیا۔ان کے مطابق، حکومت پاکستان کے ساتھ سب سے کم تعاون ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کا ہے۔ دوسری جانب، انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ سب سے بہتر تعاون ٹیلی گرام کا ہے۔

اس موقع پروزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل نے زور دیا کہ پاکستان کے سوشل میڈیا قوانین پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی سطح کی مثال بھی دیتے ہوئے بتایا کہ برازیل میں ایکس پر جرمانے سے متعلق مثال موجود ہے، اور اسی طرح ہمارے ملک میں موجود سوشل میڈیا قانون پر بھی عمل درآمد ہونا چاہیے۔

مزید خبریں