اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان اور اس کے عوام کے لئے ایک صحت مند سرگرمی تھی۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اس کے کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل سیزن فور جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیا خوب میچ ہوا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ بھرپور جوش و جذبے اور لوگوں سے بھرا ہوا سٹیڈیم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم اور ملک کے لئے بہت اچھی سرگرمی ہے۔