اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):اسلامی جمہوریہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید الزابی نے پیر کو پاکستان کو 76 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے۔ پیر کو یہاں جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس خوبصورت ملک میں تعیناتی کے اپنے 7 ویں سال میں، یہ مجھے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کا یوم آزادی منانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمت مندانہ سوچ، سفارتی کوششوں اور گزشتہ چند سالوں میں تجارتی اور کاروباری تبادلوں کے ذریعے، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کےدوطرفہ تعلقات کے لیے ایک کامیاب نمونہ بن چکے ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا تعاون معاشی معاملات سے آگے بڑھ گیا ہے،
یہ تعلیم، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہامیں اپنے دوستوں، پاکستانی عوام کے لیے مخلصانہ طور پر مزید ترقی اور کامیابی کی خواہش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ آپ اس جشن آزادی کے دوران اور اس کے بعد بھی امن اور خوشحالی سے لطف اندوز ہوں۔