پاکستان میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کے چار کیسز کی نشاندہی کی تصدیق

141
خیبرپختونخوا میں رواں سال کا دوسرا پولیو کیس رپورٹ ، قومی ادارہ صحت نے تصدیق کردی

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پاکستان میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) کے4کیسز کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کے کل کیسز کی تعداد 63 ہوگئی ہے۔جمعہ 13 دسمبر کو لیبارٹری نے ڈی آئی خان، ٹانک اور جیکب آباد سے پولیو کے ایک ایک کیس کی تصدیق کی جہاں 2خواتین اور سکھر سے ایک لڑکا متاثر ہ ہے۔

رواں سال ڈی آئی خان سے پولیو کا یہ نواں، ٹانک سے تیسرا، جیکب آباد سے تیسرا اور سکھر سے یہ پہلا کیس ہے۔پاکستان میں رواں سال ڈبلیو پی وی- ون کے دوبارہ ابھرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک اس کے 63 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 26 کا تعلق بلوچستان، 18 کا خیبر پختونخوا، 17 کا سندھ اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے ہے۔پولیو ایک مفلوج بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔اس خوفناک بیماری کے خلاف بچوں کو اعلی قوت مدافعت فراہم کرنے کے لئے اورل پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول کی تکمیل ضروری ہے۔

پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم کے تحت بچوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین پہنچاتا ہے جبکہ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے فراہم کرتا ہے ۔ملک بھر میں 16 دسمبر سے 22 دسمبر تک بڑے پیمانے پر پولیو کے قطرے پلانے کی نئی مہم چلائی جا ئے گی جس کے دوران 143 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 44 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے گھر گھر جایا جائے گے۔