پاکستان میں وبائی امراض اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مالی تیاریوں کے نظام کوموثربنانے کی ضرورت ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے مستقبل میں وبائی امراض اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مالی تیاریوں کے نظام کوموثربنانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ اس مقصد کے لئے نئے مالیاتی آلات اور حکمت عملیوں کو متعارف کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے عالمگیر وبا کے تناظرمیں رسک فنانسنگ کے موضوع پرجاری ہونے والی رپورٹ میں …

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے مستقبل میں وبائی امراض اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مالی تیاریوں کے نظام کوموثربنانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ اس مقصد کے لئے نئے مالیاتی آلات اور حکمت عملیوں کو متعارف کرانا وقت کی ضرورت ہے۔
یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے عالمگیر وبا کے تناظرمیں رسک فنانسنگ کے موضوع پرجاری ہونے والی رپورٹ میں کہی گئی ہے، رپورٹ میں پاکستان میں وبائی اور وبا جیسے امراض کے تناظرمیں مالیاتی خطرات کے لیے بہتر تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا نے پاکستان کے صحت اور معیشت دونوں پر گہرے اثرات ڈالے ہیں، رپورٹ میں صحت کے نظام میں سرمایہ کاری بالخصوص صوبائی امراض کے خطرے کو کم کرنے کے لیے صحت کے نظام میں ڈیٹا رپورٹنگ کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کو شامل کرنے کی ضرورت پرزودیاگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا سے حاصل کردہ ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے مستقبل کے لیے بہتر ماڈلنگ اور تیاریوں، بین الاقوامی انشورنس اور دیگر مالیاتی آلات استعمال کرنے کی ترغیب اورقومی اور صوبائی سطح پر صحت کیلئے ہنگامی فنڈز قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ وبا یا آفات کی صورت میں فوری طورپر مالیاتی مدد ممکن ہوسکے۔

رپورٹ میں ایس ایم ایز اور معاشی طورپرکمزورطبقات کے لیے مالیاتی تحفظ کے ضمن میں نئی اسکیموں کی ضرورت پربھی زوردیاگیاہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کووڈ۔19 کے دوران حکومتی اقدامات جیسے مکمل لاک ڈاؤن، سماجی دوری، اور ماسک کے استعمال کے باوجود معیشت پر منفی اثر پڑا۔

صحت کے بنیادی ڈھانچے کی کمزوریوں اور مالیاتی وسائل کی محدود دستیابی سے وبا کے دوران مسائل میں اضافہ ہوا۔رپورٹ میں قومی اور صوبائی سطح پر حکومتوں کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے کردار کی تعریف کی گئی ہے۔