وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا سے گفتگو

101

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ قبل ازیں ڈاکٹر پلیتھا نے وزیرِ خارجہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے کہا کہ عالمی ادارہ برائے صحت نے پولیو کے خاتمہ کے سلسلہ میں حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت پاکستان کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں ہوائی اڈوں پر تھرمل سکینر اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی پوائنٹس پر قرنطینہ سہولیات قائم کی جا رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میں معاون ٹیکنالوجی برائے صحت تک رسائی میں بہتری کے سلسلے میں حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔