اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):بینک دولت پاکستان نے اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (آئی ایف ایس بی) کی 40 ویں کونسل میٹنگ اور 20 ویں جنرل اسمبلی کی 9 جون 2022ء کو میزبانی کی۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر 2022ء کے لیے آئی ایف ایس بی کونسل اور جنرل اسمبلی کے موجودہ چیئرمین ہیں۔ یہ ورچوئل اجلاس تھے جن میں دنیا بھر سے اسلامی مالیات کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر (قائم مقام) اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار آئی ایف ایس بی کے سالانہ اجلاسوں کی میزبانی کرنا وہ اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔
انہوں نے بطور چیئرمین اپنا وژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اسلامی مالیات کی خدمات کو ایک جسیم، مستحکم، اور محتاط صنعت بنانے میں آئی ایف ایس بی کو اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معزز ارکان کی رہنمائی میں آئی ایف ایس بی اپنے اسٹریٹجک مقاصد کو پورا کرتا رہے گا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ نے کونسل کی اس اجتماعی خواہش کا اعادہ کیا کہ آئی ایف ایس بی کو کاملیت (excellence) کی اگلی سطح تک لے جانا ہوگا۔ انہوں نے کونسل ارکان کو کونسل کے 41 ویں اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کے لیے پاکستان مدعو بھی کیا جو پروگرام کے مطابق نومبر/ دسمبر 2022ء میں ہونا ہے۔
آئی ایف ایس بی ضوابطی اور نگرانی کی ایجنسیوں کے معیار کا تعین کرنے والا بین الاقوامی ادارہ ہے، جو اسلامی مالی صنعت کے لیے پروڈنشیل معیارات اور رہنما اصول جاری کر کے عالمی اسلامی مالی خدمات کی صنعت کی مضبوطی اور استحکام کو فروغ دیتا ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک آئی ایف ایس بی اسلامی مالی خدمات کی صنعت کے لیے27معیارات، 7 رہنما نوٹس اور تین تکنیکی نوٹس جاری کر چکا ہے جن میں خطرے کے انتظام، کفایت سرمایہ (capital adequacy) ، نگرانی کے جائزے کے پروسیس، شفافیت اور کوائف ظاہر کرنے، شرعی نظم و نسق، کارپوریٹ گورننس، ڈپازٹ انشورنس وغیرہ جیسے کئی شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔یہ کونسل آئی ایف ایس بی کی سینئر ایگزیکٹو اور پالیسی ساز باڈی ہے۔
یہ اسلامی مالیات پر سرفہرست ضوابطی اور نگرانی کے حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کے سینئر ایگزیکٹوز اور گورنروں پر مشتمل ہے۔ دسمبر2021ء تک آئی ایف ایس بی کے اراکین کی تعداد187ہے، جو 81 ضوابطی اور سپروائزری حکام، 10بین الاقوامی بین الحکومتی تنظیموں اور 57علاقوں میں آپریٹ کرنے والے مارکیٹ کے96 شرکا (مالی اداروں، پیشہ ورانہ فرموں، صنعت کی ایسوسی ایشنوں اور اسٹاک ایکس چینجوں) پر مشتمل ہے۔
کونسل کے مینڈیٹ میں دیگر کے علاوہ آئی ایف ایس بی کے ضمنی قوانین، پالیسیوں اور حکمت عملیوں کی تشکیل اور منظوری دینا اور جاری کرنے کے لیے پروڈنشیل معیارات کی منظوری شامل ہیں۔ جنرل اسمبلی آئی ایف ایس بی کے تمام اراکین پر مبنی نمائندہ باڈی ہے، جس میں مکمل اراکین، ایسوسی ایٹ اراکین اور مبصر اراکین شامل ہیں۔ آئی ایف ایس بی کونسل سال کا اجلاس سال میں دو مرتبہ جبکہ جنرل اسمبلی کا اجلاس سال میں ایک مرتبہ ہوتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹیٹ بینک نے آئی ایف ایس بی کے سالانہ اجلاسوں کی میزبانی کی ہے۔