پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم سے ملاقات

77

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے پیر کو یہاں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، گرین اکنامک ریکوری، قابل تجدید توانائی، درختوں اور جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینے جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری کو سر سبز پاک چین اقتصادی راہداری میں تبدیل کرنے پر اتفاق طے پایا۔ اس موقع پر ماحول کی بہتری اور گرین روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ملکی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش کش پر معاونِ خصوصی ملک امین اسلم نے چین کی کاوشوں کو سراہا ۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور حکومتِ چین مختلف شعبوں جیسے کہ کول پاور پروجیکٹس کے بجائے ماحول دوست توانائی کے ذرائع اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینےکے سلسلے میں کام کریں گی۔ ملک امین اسلم ملک نے پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ کو وزیر اعظم عمران خان کے کلین گرین ویژن کے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ معاونِ خصوصی ملک امین اسلم نے نونگ رونگ کو گرین روزگار کے مواقع کے حوالے سے شروع کیے گئے منصوبوں گرین اِسٹیمیولس، پروٹیکٹڈ ایریازاِنیشی ایٹو اور کلین گرین پاکستان پروگرام جیسے منصوبوں کےمتعلق آگاہی دی۔ امین اسلم نے چینی سفیر کو ملک میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید بنانے کے لیے نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی، تحفظِ جنگلات اور جنگلی حیات کے حوالے سے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سے حاصل ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی فوائد سے بھی آگاہ کیا۔ گرین منصوبے شروع کرنے پر پاکستان میں چینی سفیر نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی اور وزیرِ اعظم کے سر سبز پاکستان ویژن کے حوالے سے ہر سطح پر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور سر سبز منصوبے شروع کرنے پر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ملک امین اسلم اور وزارت کی کوششوں کو سراہا۔