اسلام آباد ۔ 24 اگست (اے پی پی) پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، باہمی تجارت کے فروغ اور اقتصادی رابطوں میں مزید اضافے کےلئے دونوں ممالک نے حال ہی میں آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط بھی کئے ہیں، اقتصادی راہداری کے حوالے سے چین پاکستان میں 46ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔بدھ کو پلاننگ کمیشن کے حکام نے اے پی پی کو بتاےا کہ پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ تجارت کے سالانہ حجم میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اور چین پاکستان کا دوسرا بڑا شراکت دار ملک بن چکا ہے۔ پاکستان خطے میں پوزیشن، قدرتی وسائل کی فراوانی اور گرم پانی کی بندرگاہوں کے باعث چین کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوںنے بتاےا کہ دونوں ممالک کے باہمی اقتصادی تعلقات میں مزید اضافہ ہواہے، پاکستان کی جغرافیائی حیثیت، چین جنوبی ایشیاءکو مشرق وسطیٰ سے منسلک کرنے کے ضمن میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے پاکستان میں 46ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہا ہے