اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے حوالے سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور وزارت کشمیر و گلگت بلتستان کی اشتراک سے دو روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تقریب کا آغاز شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعائوں، جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ہوا ۔تقریب کے پہلے روز اسلام آباد اور راولپنڈی کے طلبا و طالبات ، کشمیری رہنمااور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔جڑواں شہروں کے 15 سکولوں کے 300 طلبا نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ تقریب کے شرکاء نے وطن عزیز پاکستان اور جنت نظیر کشمیر کے پرچم اور بینرز جبکہ بچوں نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جس میں بھارتی ظلم و ستم کی منظر کشی کی گئی تھی۔
طلبہ طالبات کی جانب سے کشمیری ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا جبکہ مختلف ٹیبلوز میں بھارتی افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر جاری جارحیت کو بھی دکھایا کیا گیا۔سکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے جس میں بھارتی جبر اور کشمیریوں کی بے بسی کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کی گئی اس کے علاوہ تقریری مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتے ہوئے بچوں نے خود ساختہ سیکولر ملک بھارت کی قلعی کھول دی اور واضح کردیا کہ بھارت درحقیقت ظالم اور جابر ریاست ہے۔
تقریب میں پپٹ شو کا بھی انقعاد کیا گیا جس میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت کی عکاسی کی گئی طلباء نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یک جہتی کا عزم کرتے ہوئے اُن کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نیشنل آرٹ گیلری میں یوم کشمیر کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے پینٹنگز کی ایک انتہائی اہم نمائش کا بھی انعقاد کیا جس میں فنکاروں نے اپنے فن پاروں میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کو پیش کیا۔ اور بہادر کشمیری مردوں اور عورتوں کی جدوجہد کو سراہا پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری تقریب 5 فروری تک جاری رہے گا۔