پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر طور پر اجاگر کیا، وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہی انتہا پسند مودی کو بھرپور جواب دے سکتی ہے، علی محمد خان

67

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ صرف وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہی انتہا پسندمودی سرکار کو بھرپور جواب دے سکتی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر طورپر اجاگر کیا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہی انتہا پسندمودی سرکار کو بھرپور جواب دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جزو ہے اور ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیو ں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ علی محمد خان نے کہاکہ آج جس طرح مسئلہ کشمیر پر نوجوان طبقہ یکجاہوا ہے اس سے قبل ایسا نہیں دیکھا گیا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ کشمیری یقیناً اپنا حق خود ارادیت حاصل کرکے رہیں گے کیونکہ انہوں نے اپنے اس مقصد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو کشمیر کا سفیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو قریب سے جانتا ہوں اور وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے عزم اور ارادوں پر یقیناً پورا اتریں گے۔ علی محمد خان نے بھارتی حکومت کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور بھارت کی اس طرح کی کسی حرکت پر بھارتی افواج کو بھرپور جواب دیاجائے گا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا اور بھارت کی حزب اختلاف کی جماعتیں بھی مقبوضہ کشمیر میں مودی کی پالیسیوںپر تنقید کررہے ہیں اور کئی بین الاقوامی رہنمائوں نے مودی پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو پاکستان کے ساتھ پرامن طریقے سے حل کرے۔