پاکستان نے خواتین سے متعلق او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھال لی

پاکستان نے اسلام آباد میں خواتین سے متعلق نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے۔پیر کو نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کے دوران صدارت سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیربرائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس صدارت کو ایک ایسی ذمہ داری سمجھتا ہے جو پوری اسلامی دنیا میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے …

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان نے اسلام آباد میں خواتین سے متعلق نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے۔پیر کو نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کے دوران صدارت سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیربرائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس صدارت کو ایک ایسی ذمہ داری سمجھتا ہے جو پوری اسلامی دنیا میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ خواہشات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان تجربات کے تبادلے کو فروغ دے گا، عملی تعاون کی حوصلہ افزائی اور خواتین کو با اختیار بنانے کے مشترکہ عزم کو آگے بڑھائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق، مواقع اور قیادت کو آگے بڑھانے کے لئے اپنے قانونی، پالیسی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کی قیادت، مالیاتی شعبے میں ان کی شمولیت اورکاروبارکو وسعت دے رہے ہیں، ڈیجیٹل تفریق کو ختم کر رہے ہیں، انصاف تک رسائی کوآسان بنا رہے ہیں اور کام کے مقامات پر محفوظ و مزید ساز گار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوشش یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی عورت یا لڑکی تنازعہ، غربت اور عدم مساوات کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔اس موقع پر مصر کی قومی کونسل برائے خواتین کی صدر امل عمار نے اپنے خطاب میں وزیر قانون ، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کو خواتین سے متعلق نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی صدارت سنبھالنے کی دعوت دی ۔