ملتان۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے انگلینڈ کودوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دیکر سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی۔ملتان انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز دو وکٹ کے نقصان پر 36 رنز سے کیا،لیکن پاکستانی سپنر ساجد خان نے ایک رن کے اضافے پر ہی انگلش کھلاڑی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھا دی، 18 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی نے جو روٹ کو بھی ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔نعمان علی نے 78 کے مجموعی سکور پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، نعمان علی نے اپنا چوتھا شکار انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ کو بنایا جو چھ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس نعمان علی کے پانچویں شکار بنے جو37 رنز بنا کر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔برینڈن کرس ،جیک لیچ اور شعیب بشیر کو بھی نعمان علی نے آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 366 رنز اسکور کئےتھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ پہلی اننگز میں291 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 144 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔مجموعی طور پر دونوں اننگز میں نعمان علی نے 11جبکہ ساجد خان نے9کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے دونوں اننگز میں میتھو پوٹس نے تین،برائیڈن کرس نے 5 ،جیک لیچ نے 7اور شعیب بشیر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ساجد خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔