پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ڈوزیئر جاری کر کے بھارتی جنگی جرائم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے،وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہےکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ڈوزیئر جاری کر کے بھارتی جنگی جرائم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے،عالمی دنیا کو بھارتی جنگی جرائم کی ان تفصیلات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہئے ،پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت کو ہر فورم پر بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے جنازے اور زبردستی تدفین سے متعلق بھارتی کردار پوری دنیا کے سامنے ہے۔علی امین گنڈاپورنے کہا کہ بھارت علی گیلانی کی وفات کے بعد ان کے خاندان کو مسلسل ہراساں کر رہا ہے ،بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے ، پچھلی سات دہائیوں کے حالات و واقعات سے بھارت کو سبق حاصل کرنا چاہیے،

بھارت ظلم و تشدد سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو نہیں دبا سکتا۔علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارتی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،خطے کے حالات نے ثابت کیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں،بھارت کو بلآخر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہو گا۔