پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے انقلابی اقدامات کئے، ملک امین اسلم

50

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ، عالمی اقتصادی فورم اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے ۔

گزشتہ روزپی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، اقوام متحدہ کے موسمیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی تقریبات کی میزبانی کا اعزاز پاکستا ن کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کےاقدامات کا اعتراف ہے، ورلڈ اکنامک فورم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر سات ویڈیوز جاری کی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان حکومت کے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 10 بلین درخت لگانے کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستانی حکومت نے سعودی حکومت کو پروگرام کے کامیاب نفاذ کے لئے ہر طرح کی تکنیکی مدد کی بھی پیش کش کی ہے۔