راولپنڈی ۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، گرین شرٹس نے 289 رنز کا ہدف 49 ویں اوور 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، فخر زمان نے 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، امام الحق نے 60 ، بابر اعظم نے 49 اور محمد رضوان نے ناقابل شکست 42 رنز بنائے ، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی سنچری رائیگاں گئی ، فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،
جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا ، چیڈ بوز پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، ان کے بعد آنے والے بیٹر ڈیرل مچل اور ول ینگ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی ، دونوں نے دوسری وکٹ میں 102 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 150 تک پہنچا دیا ، ول ینگ 78 گیندوں پر 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر حارث رؤف کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ،
ڈیرل مچل نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تیسری وکٹ میں کپتان ٹام لیتھم کے ہمراہ 72 رنز کا اضافہ کیا ، انہوں نے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی ، 222 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گر گئی جب ٹام لیتھم 20 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 248 رنز پر اٹھانا پڑا جب ٹی 20 سیریز کے ہیرو مارک چیپمین 15 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، ڈیرل مچل 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ،
نسیم شاہ نے آخری اوور کی آخری دو گیندوں پر ریچن روندرا کو 9 اور ایڈم ملن کو صفر پر آؤٹ کر دیا ، اس طرح نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو ، دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 48.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، فخر زمان نے کیوی باؤلرز کو چاروں طرف دلفریب سٹروک کھیلے ،
انہوں نے کیریئر کی نویں سنچری مکمل کی اور 117 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، امام الحق نے 60 ، بابر اعظم نے 49 اور محمد رضوان نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، نیوزی لینڈ کی طرف سے ایڈم ملن نے دو جبکہ بلیئر ٹکنر ، ایش سودھی اور ریچن روندرا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔