اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کا ثابت قدمی اورکامیابی سے مقابلہ کیا ہے، ملک میں صحت کے موجودہ نظام کومضبوط بنانے کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کورونا وائرس کی وبا کے خلاف مشترکہ اقدامات کے ضمن میں چین، افغانستان،پاکستان اورنیپال کے وزرائے خارجہ کی ویڈیوکانفرنس میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی …
پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کا ثابت قدمی اورکامیابی سے مقابلہ کیا ہے، وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار کا 4 ممالک کے وزرائے خارجہ کی ویڈیوکانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کا ثابت قدمی اورکامیابی سے مقابلہ کیا ہے، ملک میں صحت کے موجودہ نظام کومضبوط بنانے کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کورونا وائرس کی وبا کے خلاف مشترکہ اقدامات کے ضمن میں چین، افغانستان،پاکستان اورنیپال کے وزرائے خارجہ کی ویڈیوکانفرنس میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔مذاکرات کی میزبانی چین کے سٹیٹ قونصلر اوروزیرخارجہ وانگ یی نے کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوویڈ۔19 سے نمٹنے کیلئے تعاون کوفروغ دینے اوروبا کے بعد معیشت کی بحالی کیلیے شرکت کرنے والے ممالک کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیارہے۔ مخدوم خسروبختیارنے کہاکہ ہماری توجہ زندگیوں اورروزگارکوبچانے پر مرکوز ہے،وبا نے نہ صرف انسانی اوراقتصادی نقصان کیاہے بلکہ اس نے دنیا کے سماجی اورسیاسی ڈھانچے کومتاثرکیاہے۔ پاکستان کے عوام کی مشکلات اورمصائب میں کمی کیلیے وزیراعظم عمران خان نے 595 ملین ڈالر مالیت کا پی پی آر پی اور8 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کااعلان کیاہے،معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کیلئے نقدامداد کا احساس پروگرام شروع کردیا گیاہے ،وزیراعظم عمران خان نے غریب اورپسماندہ ممالک کیلیے قرضوں میں ریلیف کا قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کے قابل ذکرنتائج نکلے ہیں، اس پالیسی سے کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعدادمیں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے چاروں ممالک کے درمیان تعلقات اورتعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ اقتصادی بحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کوبییلٹ اینڈروڈ انیشٹیوکا فلیگ شپ پراجیکٹ قراردیتے ہوئے کہاکہ کوویڈ۔19 کے بعد سی پیک علاقائی بڑھوتری اوربحالی میں مددگارثابت ہوگی۔ کورونا وائرس کے تناظرمیں کانفرنس میں شامل ممالک کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی طرف مبذول کراتے ہوئے اقتصادی امورکے وزیرنے مقبوضہ کشمیر کے فوجی محاصرہ کے خاتمہ، صحت کے بین الاقوامی ماہرین کومقبوضہ کشمیرتک رسائی فراہم کرنے اورمحصورکشمیریوں کو فوری طورپرمطلوبہ طبی سہولیات دینے کا مطالبہ کیا۔








