اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی)پاکستان نے حالیہ ایف اے ٹی ایف ویڈیو سیشن میں ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکامی پر گرے لسٹ میں پاکستان کے تسلسل میں مزید "توسیع” سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے دعوے اور بھارتی میڈیا میں من گھڑت رپورٹس کو سختی سے مسترد کردیا، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات کو بھی مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ فیٹف کے رکن ممالک بھارت کی پاکستان کیخلاف جھوٹی مہم کا نوٹس لیں۔24 جون کو ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔فروری اجلاس کے فیصلے تاحال برقرار ہیں۔ جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جون میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرنی تھی، تاہم کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے ایف اے ٹی ایف نے جائزہ لینے کے عمل میں چار ماہ کے لئے مدت بڑھا دی۔ 24 جون کو اجلاس میں پاکستان کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ایکشن پلان کا جائزہ ایف اے ٹی ایف کے اگلے اجلاس میں لیا جائیگا، جس میں پاکستان اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کرے گا۔اس سلسلے میں بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایکشن پلان پر ناکامی بھارتی پروپیگنڈا ہے۔بھارت فورم کو پاکستان کیخلاف گمراہ کرنے کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے پر عزم ہے۔ فیٹف کے رکن ممالک بھارت کی پاکستان کیخلاف جھوٹی مہم کا نوٹس لیں۔