پاکستان نے ہانگ کانگ کو ہرا کر ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

191
19ویں ایشین گیمز، خواتین کبڈی ایونٹ کا فائنل بھارت اور تائیوان کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جائے گا

لاہور۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہرا کر ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔اس میچ کی نمایاں بات عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ کارکردگی تھی۔سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی فاتح ٹیم سے6 اکتوبر کو ہوگا۔چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں جاری 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 92 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔پاکستانی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم سمیت چھ کرکٹرز نے آج اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا۔اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔روحیل نذیر 13،حیدرعلی 4 اور کپتان قاسم اکرم 12 رنز بنا پائے،جب عمیر یوسف21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 54 رنز تھا اور پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔خوشدل شاہ ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنا سکے۔اس موقع پر آصف علی،عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان ٹیم160 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کئے۔عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے،ان کی اننگز میں2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ہانگ کانگ کی طرف سے آیوش شکلا سب سے کامیاب بولر رہے،انہوں نے49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد غضنفر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ہانگ کانگ کی اننگز میں پاکستانی اسپنرز مکمل طور پر چھائے رہے۔بابرحیات 29 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔خوشدل شاہ نے تین جبکہ قاسم اکرم،عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔