پاکستان ون ڈے کپ، بلوچستان نے سندھ کو 72 رنز سے ہرا کر متواتر دوسری کامیابی سمیٹ لی، عماد بٹ شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار

156

راولپنڈی۔ 4 اپریل (اے پی پی)پاکستان ون ڈے کپ 2019، بلوچستان نے سندھ کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، بلوچستان نے عمر اکمل اور عماد بٹ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 346 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، مڈل آرڈر بلے باز نے 66 گیندوں پر 99 جبکہ عماد بٹ نے 18 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ذیشان اشرف اور اسد شفیق نے بھی نصف سنچریاں بنائیں، سندھ کی ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 274 بناکر آﺅٹ ہوگئی، عمر صدیق 88 اور عمر امین 60 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، عماد بٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں، انہیں شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں سندھ کے کپتان عمر گل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بلوچستان نے عمر اکمل، ذیشان اشرف اور کپتان اسد شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے، عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 66 گیندوں پر 99 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں چھ فلک شگاف چھکے بھی شامل تھے، بدقسمتی سے وہ ایک رن کے فرق سے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری سنچری بنانے میں ناکام رہے، ذیشان اشرف 75 اور اسد شفیق 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عماد بٹ نے آخر میں 18 گیندوں پر 42 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر بلوچستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا۔ سندھ کی طرف سے حماد اعظم اور نعمان علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ کی ٹیم 347 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.2 اوورز میں 274 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، اوپنر عمر صدیق اور عمر امین نے اچھی بیٹنگ کی مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، عمر صدیق نے 64 گیندوں پر 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 12 چوکے شامل تھے جبکہ عمر امین نے 60 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں احسان علی 42 اور عامر یامین 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بلوچستان کی طرف سے عماد بٹ نے تین اور محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔