لاہور۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز اے نے تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔اس طرح پاکستان ویمنز اے نے دو میچوں کی یہ سیریز دو صفر سے جیت لی ۔ پاکستان ویمنز اے نے پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔تھائی لینڈ ایمرجنگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر86 رنز بنائے جبکہ پاکستان ویمنز اے نے 17.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔
مہمان ٹیم کی اننگز میں صرف ناناپت کھونچاروئنکائی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں انہوں نے 52گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے57 رنز اسکور کیے جس میں 6 چوکے شامل تھے۔ پاکستان ویمنز اے کی طرف سے کپتان رامین شمیم، صائمہ ملک اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مہمان ٹیم کی دو بیٹرز رن آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان ویمنز اے کی دونوں اوپنرز شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ صفر پر آؤٹ ہوئیں جبکہ گل رخ صرف ایک رن بناسکیں جس کے بعد عمیمہ سہیل اور کائنات حفیظ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز کا اضافہ کیا۔عمیمہ سہیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئیں ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔
کائنات حفیظ نے19 رنز بنائے۔عمیمہ سہیل اور سدرہ نواز کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں42 رنز بنے۔سدرہ نواز نے 16 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔فانیتا مایا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔