
کراچی۔ 04 ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل دلچسپ مقابلے کے بعد 6رنز سے جیت لیا۔اس طرح اس نے تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔اس نے پہلا میچ پانچ وکٹوں سے اور دوسرا میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔پاکستان ویمنز کی یہ شاندار کارکردگی اس اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے کہ اس نے یہ سیریز اسی سال ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی عالمی نمبر پانچ ٹیم کے خلاف جیتی ہے۔
پیر کے روز نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 150رنز بنائے ۔جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز 20اوورز میں 5وکٹوں پر144رنز بناسکی۔پاکستانی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری، فاطمہ ثنا کی جگہ سیدہ عروب شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان ویمنز کی پہلی وکٹ 41کے مجموعی اسکور پر گری جب شوال ذوالفقار18رنز بناکر ملابا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔ اس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 49رنز کا اضافہ کیا ۔سدرہ امین چار چوکوں کی مدد سے 39رنز بناکر آئوٹ ہوگئیں۔
بسمہ معروف نے 39رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3چوکے شامل تھے، انہوں نے کپتان ندا ڈار کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں49رنز کا اضافہ کیا۔ندا ڈار20 گیندوں پر 36 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں، ان کی اننگز میں 5چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔جنوبی افریقہ ویمنز کی کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے اپنی ٹیم کو 31رنز کا اسٹارٹ دیا۔اس موقع پر نشرہ سندھو نے ٹیزمین برٹس کو18رنز پر بولڈ کردیا۔نشرہ سندھو نے دوسری کامیابی انیکے باش کو10 رنز پر آئوٹ کرکے حاصل کی۔اسوقت جنوبی افریقہ ویمنز کا اسکور61رنز تھا تاہم اس کے بعد ووفارٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا لیکن سعدیہ اقبال نے دو اہم وکٹیں حاصل کرکے بازی پلٹ دی۔
پہلے انہوں نے سنی لیزے کو آئوٹ کیا اور پھرووفارٹ کو متبادل کھلاڑی فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ووفارٹ نے 54گیندوں پر9چوکوں کی مدد سے72 رنز اسکور کیے جو ان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔دونوں لیفٹ آرم اسپنرز نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیمیں اب آٹھ، گیارہ اور چودہ ستمبر کو کراچی ہی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔