اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان پوسٹ نے مالی سال 2021-22 کے دوران اپنی موبائل ایپلی کیشن لانچ کی جس کے ذریعے پوسٹل سروسز ٹیرف، پوسٹ کوڈ، پوسٹ آفس لوکیٹر، شکایت رجسٹریشن، ٹریک اینڈ ٹریس اینڈ پک اپ کی سہولت فراہم کی گئی۔ حکومت کی طرف سے مالی سال 2021-22 کے جاری اعدادو شمار کے مطابق پاکستان پوسٹ نے برآمدی شعبہ کے لئے خصوصی سروس شروع کی ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں 72 گھنٹوں میں پارسل اور پیکٹ کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔
ای ایم ایس پلس کو مقامی اور بین الاقوامی کورئیر کمپنیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے ماڈل بنایا گیا ہے۔ ریئل ٹائم ٹریک اور ٹریس کی سہولت کے ساتھ قیمتیں مسابقتی بنائی گئیں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمد کنندگان کے لئے اس سروس کی کاروباری لاگت کو کم کیا جائے گا۔ سی پیک پاکستان کے منفرد جیو اسٹریٹجک محل وقوع کو مختلف ٹرانسپورٹ سے متعلق منصوبوں کے ذریعے جیو اکنامکس میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت پاکستان کا عملی قدم ہے جو پاکستان کے روڈ انفراسٹرکچر کو تبدیل کرے گا اور وسطی ایشیائی، افریقی اور یورپی ریاستوں تک اس کی رسائی کو بہتر بنائے گا۔