اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پوسٹ 9 اکتوبر کو یونیورسل پوسٹل یونین کی 149ویں سالگرہ کے موقع پر ڈاک کا عالمی دن منائے گا۔
پاکستان پوسٹ سے جاری بیان کے مطابق 9 اکتوبر کو ڈائریکٹوریٹ جنرل پاکستان پوسٹ جی ایٹ فور اسلام آباد میں ڈاک کے عالمی دن کے سلسلہ میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہو گی جس میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ پرچم کشائی کریں گے اور ڈاک کے عالمی دن کے حوالے سے یو پی یو کے ڈائریکٹر جنرل کا پیغام پڑھ کر سنائیں گے۔
تقریب میں پاکستان پوسٹ کے افسران اور عملہ شرکت کرے گا۔ اسی طرح یو پی یو پرچم کشائی کی تقریبات ملک بھر کے پوسٹل سرکلوں اور یونٹوں میں منعقد کی جائیں گی۔واضح رہے کہ ڈاک کا عالمی دن ہر سال 9 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔