پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں ، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

71
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں ، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں ، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کو انتہائی ضروری انتخابی اصلاحات پر بامقصد بات چیت کرنے کی دعوت دیدی ۔بدھ کو پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور چینی شینزین یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر دونوں جماعتوں ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں ، تاکہ مستقبل میں کوئی بھی آئندہ انتخابات کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ، قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں انتخابی اصلاحات کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔فواد چوہدری نے کہا اپوزیشن کو پارلیمنٹ کو نقصان پہنچانے سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں نے حکومت کی پیش کش کو سنجیدگی سے نہ لیا تو یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مفادات ملک کے مفاد سے وابستہ ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو ’’غیر سنجیدہ‘‘ قرار دیا جو پارلیمنٹ کو پٹڑی سے اتارنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ اور جمہوریت پٹڑی سے اتر جاتی ہے تو یہ ملک کے عوام کی ناکامی ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ملک میں پارلیمنٹ کو نقصان پہنچے گا تو یہ پارٹیاں سیاست کیسے کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ دو قومی جماعتیں صوبائی سطح کی تنظیمیں بن چکی ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) صرف پنجاب تک محدود ہوچکی ہے جبکہ سندھ میں ناقص سیاسی طرز عمل کی وجہ سے پیپلز پارٹی صرف سندھ تک محدود ہو گئی ہے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے بارے میں ، فواد چوہدری نے کہا کہ انھوں نے پہلے پیش گوئی کی تھی کہ یہ غیر فطری اتحاد ہے اور اس کے معاملات زیادہ مدت تک نہیں چل پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ مریم نواز نے قانونی راستہ منتخب کیا اور ضمانت کے لئے درخواست دی۔وفاقی وزیر نے یاد دلایا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ماضی میں سپریم کورٹ کے ججوں پر حملہ کیا تھا۔کوویڈ ۔19 کے بارے میں ، فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی ملک کے تمام شہریوں کو مفت ویکسین پلانے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور چینی شینزین یونیورسٹی کے مابین ایم او یو کے بارے میں ، انہوں نے کہا ، حکومت چین کے تجربے سے ٹیکنالوجی کے میدان میں استفادہ حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ایم او یو کے تحت چینی پاکستان میں لیبارٹری قائم کریں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک میں الیکٹرانک گاڑیوں کے فروغ کے لئے وزارت کی سفارشات کو آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔