آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حلقہ سے سادات ،فاروقی اور چوہدری برادری نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا
پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، ترقی اور عوامی حقوق پر یقین رکھنے والی جماعت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا مختلف اجتماعات سے خطاب

مزید خبریں
حویلی۔17جولائی (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حلقہ سے سادات ،فاروقی اور چوہدری برادری نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے یونین کونسل کالا مولہ کا دورہ کیا جہاں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دفاتر کا افتتاح کیا۔دورے کے آغاز پر ہالن جنوبی کے مقام پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور ایک بڑے جلوس کی صورت میں ان کے قافلے کے ساتھ شامل ہوگئے۔بعدازاں وزیراعظم کا قافلہ سولی پہنچا جہاں انہوں نے مختصر قیام کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا۔ملک سولی کے مقام پر پاکستان پیپلز پارٹی یونین کونسل کالا مولہ کے صدر سید امداد بخاری اور سلطان بخاری کی جانب سے شمولیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس کے بعد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کالا مولہ پہنچے جہاں عوام کی کثیر تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
یہاں شبیر ڈار اور جمشید بٹ کی جانب سے ایک بڑے عوامی اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر کئی افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت، جمہوریت، ترقی اور عوامی حقوق پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیپلز پارٹی پر بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ خدمت کی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آئندہ بھی یہ اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ عوام کی امیدوں کا مرکز پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔انہوں نے نئے شامل ہونے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں پارٹی میں عزت، احترام اور بھرپور سیاسی کردار دیا جائے گا
جبکہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتی رہے ۔مقررین زاہد ہاشمی ،سید امداد بخاری ،سید سلطان بخاری ،شبیر ڈار اور جمشید بٹ نے وزیراعظم کی چھ ماہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور کا وزیراعظم بننا حویلی کے لئے برا اعزاز ہے اہلیان حویلی اپنے سپوت کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔








