فیصل آباد میں سکیورٹی انتظامات، 530 سے زائد مساجد و امام بارگاہوں پر 1800 سے زائد افسران و اہلکار تعینات

فیصل آباد پولیس کی جانب سے نمازِ جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول میں عبادات کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے

فیصل آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد پولیس کی جانب سے نمازِ جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول میں عبادات کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ترجمان پولیس فیصل آباد طارق جٹ کے مطابق سی پی او فیصل آباد کی ہدایات پر ضلع بھر کی 530 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے 1800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ایگل اسکواڈ کو نمازِ جمعہ کے دوران مسلسل گشت اور حساس مقامات کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات اور ناکہ بندی پوائنٹس پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جہاں مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ جاری ہے۔ جدید نظام کے تحت بائیو میٹرک ویری فکیشن سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر بھی عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں، جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے، مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی پی او فیصل آباد نے کہا کہ امن و امان کا قیام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص، سرگرمی یا لاوارث اشیاء کی فوری اطلاع قریبی پولیس تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔