کوئٹہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی قیادت، کارکنان اور تمام سپورٹرز کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ درحقیقت پاکستان کی جمہوری جدوجہد کی تاریخ ہے ، پاکستان میں آئینی بالادستی، وفاقی ہم آہنگی، سیاسی استحکام اور عوامی حقوق کے لیے پیپلز پارٹی کا کردار ناقابلِ …
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن، مساوات، عوامی خوشحالی اور وفاقی یکجہتی کو اولین ترجیح دی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی قیادت، کارکنان اور تمام سپورٹرز کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ درحقیقت پاکستان کی جمہوری جدوجہد کی تاریخ ہے ، پاکستان میں آئینی بالادستی، وفاقی ہم آہنگی، سیاسی استحکام اور عوامی حقوق کے لیے پیپلز پارٹی کا کردار ناقابلِ فراموش ہے ، بھٹو شہید نے نہ صرف قوم کو متحد رکھا بلکہ پاکستان کو وہ آئینی ڈھانچہ فراہم کیا جو آج بھی وفاقی نظام کی بنیاد ہے۔
1973 کا متفقہ آئین پاکستان کی سیاسی شناخت اور قومی یکجہتی کا ستون ہے جسے بھٹو شہید نے اپنی سیاسی بصیرت اور قومی قیادت سے ممکن بنایا ۔ اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 58 سالہ سفر میں ایسے تاریخی فیصلے کیے جنہوں نے پاکستان کو ایک نئی سمت دی ،چاہے وہ زرعی اصلاحات ہوں، جوہری پروگرام کی بنیاد، آزاد خارجہ پالیسی کا آغاز، میزائل ٹیکنالوجی کی ترقی یا غریب طبقے کی فلاح کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا قیام، یہ وہ اقدامات ہیں جنہوں نے پاکستان کی قومی عزت، دفاعی صلاحیت اور سماجی فلاح کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا ۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے آمریت کے مقابلے میں جمہوریت اور عدم تشدد کی سیاست کو نئی جہت دی۔ انہوں نے صوبوں کو جوڑنے، وفاق کو مستحکم کرنے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ میں بے مثال کردار ادا کیا۔ اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے ’’پاکستان کھپے‘‘ کہہ کر مشکل ترین لمحے میں قوم کو متحد کیا اور جمہوری نظام کو پٹری سے اترنے نہیں دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کی آواز کو نئے انداز اور نئی توانائی کے ساتھ مؤثر طریقے سے پیش کیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کی سیاسی قیادت آئین کی بالادستی، جمہوریت کے فروغ، قومی مفادات کے تحفظ اور مساوات کے اصولوں پر مضبوطی سے کاربند ہے ، پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری، مستحکم اور عوام دوست ریاست بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا یکجا رہنا وقت کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن، مساوات، عوامی خوشحالی اور وفاقی یکجہتی کو اولین ترجیح دی ہے ، عوام ہی اس جماعت کی اصل قوت ہیں جنہوں نے بھٹو اور بینظیر کے مشن کو زندہ رکھا ہے ،یہی تسلسل پاکستان کی جمہوری سیاست کے استحکام کی بنیاد ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ بھی قومی جدوجہد، عوامی حقوق کے تحفظ اور وفاقی شراکت داری سے جڑی ہوئی ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بھی جمہوریت، آئین اور قومی یکجہتی کے سفر میں اپنا مثبت کردار اسی عزم کے ساتھ جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف اور صرف آئین، جمہوریت، عوامی خدمت اور اجتماعی قومی وژن میں ہے اور ملک کو ایک روشن، محفوظ اور مستحکم راستے پر لے جانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔








