پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد کا جی بی سی میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا دورہ

109

گوجرانوالہ۔ 23 جولائی (اے پی پی):پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد نے صدرمعظم علی گھرکی اورجنرل سیکرٹری محمد صلاح الدین حنیف کی قیادت میں جی بی سی میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ ہنرمندوں کا شہر ہے اور یہاں کی مصنوعات عالمی معیارکے مطابق ہیں ہمارے اس دورے کامقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کو بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے،اس سے قبل چائنہ میں ہمیں ایسے سینٹر ز دیکھنے کا اتفاق رہا ہے لیکن پاکستان میں مقامی صنعتوں کے فروغ کیلئے ایسے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر کاہونا باعث فخرہے ہم اس کاوش پر چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔

جنرل سیکرٹری صلاح الدین حنیف کا کہنا تھا کہ پاک چائنہ چیمبر کا قیام 2014میں عمل میں آیا ،ہم اب تک 54پاک چائنہ ایکسپوز کا اہتمام کر چکے ہیں ،رواں سال ہم نے9000سے زائد چائنیز کاروباری افراد کو پاکستان میں مدعو کیا، جو باہمی اشتراک کے منصوبے لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی کاروباری برادری سے ملاقات کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ ان میں سے بیشتر منصوبے یہاں لگائے جا سکتے ہیں جس کیلئے پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر جی بی سی کے ساتھ ملکر آپ کی معاونت کرے گا ۔چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹرنے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر کا دورہ کرنے کا بھی اعادہ کیا۔