کوئٹہ۔ 10 مئی (اے پی پی):پاکستان چیسٹ سوسائٹی سینٹر اور بلوچستان چیپٹر کے زیر اہتمام عالمی یوم دمہ کے حوالے سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹرز لیڈی ڈاکٹرز PGR’s کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینیئر پلمونوجسٹ ڈاکٹر سید عبدالوحید شاہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ورلڈ استھما ڈے کے حوالے سے سیمینار کے اغراض ومقاصد پر اظہار کیا۔
سوسائٹی کے سینیئر ممبر ڈاکٹر محمود احمد شاہوانی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ پلمونولوجی ریزیڈنٹ ڈاکٹر انعم نے دمہ کے حوالے سے بیماری کی تشخیص اور علاج و بچائوکے حوالے سے اہم ریسرچ پریزنٹیشن دی ۔بعد ازاں سینیئر چیسٹ فزیشن پاکستان چیسٹ سوسائٹی سینٹر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مقبول احمد لانگو نے ایک اہم پریزنٹیشن میں دمہ کے علاج میں جدید اپڈیٹس اور دمہ کے حوالے سے مختلف چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی اور مختلف نکات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ تمام حاضرین نے پیش کیے گئے مقالہ جات سے بھرپور استفادہ کیا خصوصاً ینگ ڈاکٹرز اور پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنس نے انتہائی اہم نکات سے آگاہی حاصل کی۔ بعد ازاں تمام ریزیڈنس کیلیے ایستھما ڈے کوئیز منعقد کیے گئے۔
پاکستان چیسٹ سوسائٹی سینٹر کے صدر فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز کے چیف ایگزیکٹو سینیئر چیسٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر شیرین خان نے صوبائی چیپٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کوئز ونرز میں انعامات تقسیم کیے۔ سوسائٹی کے سینیئر ممبران ڈاکٹر اشرف بگٹی ڈاکٹر نوید حفیظ ڈاکٹر ثناہ اللہ ترین ڈاکٹر محمود احمد شاہوانی ڈاکٹر عبد الباقی اچکزئی ڈاکٹر ضیاءالدین نے مختلف شرکاءمیں شیلڈز تقسیم کیں۔ صوبائی صدر پاکستان چیسٹ سوسائٹی سینٹر ڈاکٹر ہدایت اللہ نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے اختتام پر دمہ کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیاگیا۔