اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چینی صنعتوں کو زمین فراہم کرے گا جبکہ انفراسٹرکچر، مارکیٹ اور ان زونز کا انتظام وہ خود کریں گے، صنعتی زونز کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، زونز کی تعمیر اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ماڈل سپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیز) کے لیے جگہوں کی نشاندہی اور چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے لیے پالیسی فریم ورک پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ جی ٹو جی مشترکہ تعاون میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے، پاکستان چینی صنعتوں کو زمین فراہم کرے گا جبکہ انفراسٹرکچر، مارکیٹ اور ان زونز کا انتظام وہ خود کریں گے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے ماڈل صنعتی زونز کے لیے دستیاب زمین کی مقدار کا تعین کیا جائے اور ان زونز کے قرب و جوار میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی زونز کے حوالے سے پالیسی کی تیاری کے لیے ایک جامع کنسپٹ نوٹ تیار کیا جائے۔
احسن اقبال نے صنعتی زونز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی زونز کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ زونز کی تعمیر اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ ہر ماہ باقاعدگی سے ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے گا۔ احسن اقبال نے چینی باشندوں کی سکیورٹی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترقی کے دشمنوں کو پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔