پاکستان کا ایشیا میں ایچ آئی وی ایڈز کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مشیر اور خصوصی ایلچی ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پاکستان کا ایشیا میں ایچ آئی وی ایڈز کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مشیر اور خصوصی ایلچی ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پاکستان نے ایشیا میں ایچ آئی وی/ایڈز کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مشیر اور خصوصی ایلچی ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر نفیس صادق ان نامور پاکستانیوں میں سے ایک تھیں جو آبادی کی پالیسیوں، ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں ایک بین الاقوامی آواز تھیں، طبی تحقیق اور انسانی حقوق کے تحفظ کی وکالت کے لئے ان کی خدمات نمایاں ہیں۔

انہوں نے اپنی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں عالمی سطح پر متعدد ایوارڈز جیتے اور اقوام متحدہ میں اہم عہدوں پر کام کیا، خاص طور پر اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر اقوام متحدہ کے رضاکارانہ طور پر فنڈ سے چلنے والے بڑے پروگرام کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون بنیں۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کے لئے مشعل راہ تھیں، اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے حقیقی معنوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر نفیس صادق نے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مادر وطن کی خدمت کی، ہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور مرحومہ کے بلند درجات کے لئے دعاگو ہیں۔