پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی فوری حوالگی کا مطالبہ،وزیر داخلہ نے دستاویزی ثبوت برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کر دیے

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ سے مطلوب ملزمان شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی فوری حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ہونے والی ایک ہنگامی اور اہم ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی سے متعلق سرکاری …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ سے مطلوب ملزمان شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی فوری حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ہونے والی ایک ہنگامی اور اہم ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی سے متعلق سرکاری کاغذات اور قانونی دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کئے۔

محسن نقوی نے دونوں افراد کی جانب سے کیے جانے والے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے ٹھوس شواہدبھی پیش کیے اور واضح کیا کہ یہ دونوں افراد پاکستان کے قانون کو مطلوب ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتے ہیں، لیکن فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن اس وقت ہر ملک کے لیے سیکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور قومی اداروں کے خلاف بہتان تراشی اور ہرزہ سرائی کی اجازت دنیا کا کوئی بھی ملک نہیں دے سکتا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ ان عناصر کی واپسی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور پاک-برطانیہ سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے بھی حوالگی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔