پاکستان کا بھارت میں ایک بار پھر یورینیم کی غیر قانونی فروخت سے متعلق رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار

101

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پاکستان نے بھارت میں ایک بار پھر یورینیم کی غیر قانونی فروخت سے متعلق رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری مواد کو غلط ہاتھوں میں جانے سے روکنے کی غرض سے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ملکوں کو پابند بنائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت میں ایک بار پھر چھ کلو گرام یورینیم کی غیر قانونی فروخت سے متعلق رپورٹ دیکھی ہے،سات کلو گرام یورینیم کی غیر قانونی فروخت کا اس طرح کا واقعہ گزشتہ ماہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں بھی پیش آیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات انتہائی تشویش کا باعث ہیں،

جو کنٹرول کی کمی،ناقص ریگولیٹری اور انفورسمنٹ میکنزم اور ممکنہ طور پر بھارت کے اندر جوہری مواد کیلئے بلیک مارکیٹ کی موجودگی کی نشاندہی کرتی ہے۔ترجمان نے یو این سیکورٹی کونسل ریزولوشن1540 اورجوہری مواد کی طبعی حفاظت سے متعلق آئی اے ای اے کنونشن پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری مواد کو غلط ہاتھوں میں جانے سے روکنے کی غرض سے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ملکوں کو پابند بنائے۔پاکستان نے اس طرح کے واقعات کی مکمل تحقیقات اور جوہری مواد کی حفاظت کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔