22.1 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کا تاریخی، ثقافتی ورثہ اور قدرتی حسن دنیا بھر کے سیاحوں...

پاکستان کا تاریخی، ثقافتی ورثہ اور قدرتی حسن دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے گہری دلچسپی کا باعث ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

پاکستان کا تاریخی، ثقافتی ورثہ اور قدرتی حسن دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے گہری دلچسپی کا باعث ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

- Advertisement -

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ ثقافتی تبادلوں کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے، سیاحت نہ صرف معیشت کو تقویت بخشتی ہے بلکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو بھی فروغ دیتی ہے، پاکستان کا تاریخی، ثقافتی ورثہ اور قدرتی حسن دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے گہری دلچسپی کا باعث ہے، سیاحت کی ترقی سے نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی

بلکہ پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر ہوگا، ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا اور ایک بہتر اور پرامن مستقبل کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔ سپیکر نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سپیکر نے پاکستان کے سٹریٹجک محل وقوع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے حوالے سے ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں کہا کہ موجودہ حکومت مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو پاکستان میں ان کے تاریخی اور مذہبی مقامات پر بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔

- Advertisement -

سپیکر نے مزید کہا کہ مختلف مذاہب کے زائرین کے لیے ویزا خدمات کو آسان بنایا جا رہا ہے اور ان کے سفر کو مزید سہل اور خوشگوار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کے لیے ہماری وابستگی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے وادی کیلاش کی منفرد ثقافت اور گندھارا تہذیب کے ورثے کا ذکر بھی کیا جو دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت سیاحت کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی و ثقافتی رکاوٹوں کے خاتمے اور خطے کے مشترکہ ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

سپیکر نے پاکستان کے دلکش قدرتی مناظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے، حسین وادیاں، برف پوش چوٹیاں، گلیشیئرز، صاف پانی کے ذخائر، وسیع صحرا اور خوبصورت ساحلی پٹی سیاحوں کے لیے جنت سے کم نہیں۔ "پاکستان کی بلند پہاڑی چوٹیاں جن میں K-2 اور دیگر چوٹیاں جو کوہ پیمائوں کے لیے گہری دلچسپی کا سامان ہیں اور پولو گرائونڈ شندور جیسے منفرد تفریحی مواقع دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کر سکتے ہیں۔”

سپیکر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے مل کر بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے سیاحت کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا، لوکل کمیونٹیز کی پائیدار ترقی ممکن ہوگی، پاکستان کے ثقافتی ورثے کو فروغ ملے گا اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=505776

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں