پاکستان کا دورہ مکمل کرنے پرآئی ایم ایف مشن کا ابتدائی تجزیہ

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کے دورے پر آئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سابق حکومت کی جانب سے الیکشن کے سال میں اہم اقتصادی فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے موجودہ حکومت کو ورثے میں کمزور معیشت ملی، مشن نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے حالیہ دنوں میں …

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کے دورے پر آئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سابق حکومت کی جانب سے الیکشن کے سال میں اہم اقتصادی فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے موجودہ حکومت کو ورثے میں کمزور معیشت ملی، مشن نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے حالیہ دنوں میں کئے گئے اقدامات کو درست سمت میں قرار دیتے ہوئے معیشت میں عدم توازن کو دور کرنے اور اسے پائیدار نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مشن نے ہیرالڈ فنگر کی قیادت میں پاکستان کا دورہ مکمل کرنے پر ابتدائی تجزیہ پیش کیا ہے۔ آئی ایم ایف مشن نے حکومت میں موجود نمایاں شراکت داروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مشن نے اپنے دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم سے حتمی ملاقات کی جس میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں آئی ایم ایف کے ابتدائی تجزیہ سے آگاہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف مشن نے اپنے تجزیہ میں پاکستانی معیشت کو درپیش مختلف چیلنجز بالخصوص مالیاتی خسارہ، جاری خسارہ، زرمبادلہ کے ذخائر، سرکاری شعبہ کے کاروباری اداروں میں بڑھتا ہوا خسارہ، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی عدم تکمیل، اداروں کی کمزوری اور مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کے فقدان جیسے مسائل کو اجاگر کیا۔ آئی ایم ایف مشن نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے حالیہ دنوں میں کئے گئے اقدامات کو درست سمت میں قرار دیا۔ آئی ایم ایف مشن نے قرار دیا کہ معیشت میں عدم توازن کو دور کرنے اور اسے پائیدار نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔