پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مطابقت پیدا کرنے میں ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال

161

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مطابقت پیدا کرنے میں ہے،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو سہل بنانے کے لئے 5 ارب روپے کا سرمایہ ( وینچر کیپیٹل )مختص کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وینچر کیپیٹل فنڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وینچر کیپیٹل فنڈ کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ہے،ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج معاشی برین ہیمرہج کو ٹھیک کرنا تھا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آج پوری دنیا میں لوگ سی پیک فیز 2 اور ایس آئی ایف سی کی باتیں کر رہے ہیں ، پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مطابقت پیدا کرنے میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو سہل بنانے کے لئے 5 ارب روپے کا وینچر کیپیٹل مختص کیا گیا ہے،ترقی کے سفرکو جاری رکھنے کے لئے ہمارے نجی شعبہ میں صلاحیت موجود ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ نجی شعبہ یونیورسٹیوں کے ساتھ انڈسٹری ایکیڈیمیا ربط قائم کرے اور اطلاقی تحقیق کے ذریعے ترقی کی راہ ہموار کریں ،برآمدات کے بڑھائے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔