پاکستان کرکٹ ٹیم کو وزیر اعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی رہنماءبھارت کے ساتھ میچ کے حوالے سے ٹوئٹر اور دیگر ذرائع سے مشورے دیتے رہے

86

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی رہنماءپاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ساتھ میچ کے حوالے سے ٹوئٹر اور دیگر ذرائع سے مشورے دیتے رہے، وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے کپتان کو مشورہ دیا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں۔ اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے سرفراز کو سپیشلسٹ بلے بازوں اور باﺅلروں کے ساتھ میچ میں جانا چاہیے کیونکہ ریلو کٹے دباﺅ میں کم ہی کارکردگی دکھاتے ہیں، سرفراز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارت فیورٹ ٹیم ہو سکتی ہے تاہم ہار کے خوف سے نکل کر کھیلنا ہوگا،اپنی طرف سے اچھا کریں اور آخری بال تک لڑیں پھر ایک سچے سپورٹس مین کی طرح نتیجہ قبول کریں،قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ رب سب کا ہے اور اس سے دعا کا حق ہر ایک کو حاصل ہے، آج کا میچ ایک کھیل ہے جو ٹیم گراﺅنڈ میں اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی،ہم جیتیں یا ہاریں ہماری دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کے علاوہ وفاقی وزراءبھی قومی ٹیم کو ٹپس دیتے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہے۔