پاکستان کسٹمز کی مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں، چاندی سمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیف کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)اسلام آباد کی ہدایت پر کوئٹہ، کراچی اور گڈانی کی فیلڈ فارمیشنز نے مربوط کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں سمگل شدہ چاندی اور سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں۔ایف بی آر کی جانب سے بدھ کوجاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ نے یارو کے علاقے میں ٹویوٹا گاڑی رجسٹریشن نمبراے ڈبلیوکیو …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیف کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)اسلام آباد کی ہدایت پر کوئٹہ، کراچی اور گڈانی کی فیلڈ فارمیشنز نے مربوط کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں سمگل شدہ چاندی اور سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں۔ایف بی آر کی جانب سے بدھ کوجاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ نے یارو کے علاقے میں ٹویوٹا گاڑی رجسٹریشن نمبراے ڈبلیوکیو 240 کو روکا جس کی تلاشی لینے پر اس سے 40 عدد خا لص چاندی کی اینٹیں اور 36 عدد بسکٹ برآمد ہوئے جن کا مجموعی وزن 49 کلو گرام تھا، ضبط شدہ اشیا اور گاڑی کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 2 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار روپے ہے، برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مصدقہ خفیہ معلومات پر مبنی دو علیحدہ کارروائیوں میں کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے موچکو چیک پوسٹ آر سی ڈی ہائی وے پر سمگلنگ کی بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 45 کلوگرام سمگل شدہ چاندی برآمد کی جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔پہلی کارروائی میں گوادر سے آنے والی مسافر بس (BTA-022) کو روکا گیا جس سے 25 کلوگرام چاندی برآمد ہوئی جس کی تخمینی مالیت تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے، مذکورہ چاندی مسافر محمد عارف ولد شاہجہان کے سامان سے برآمد ہوئی جو درآمد کی قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔دوسری کارروائی میں مسافر بس (JD-553) کو روکا گیا جس سے مزید 20 کلوگرام چاندی برآمد ہوئی جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے، بس اور عملے کو حراست میں لے کر برآمد شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت ضبط کر لیا گیا۔

بیان کے مطابق سمگل شدہ اشیا کے ماخذ،روٹ اور وصول کنندگان کی نشاندہی کرنے اور قیمتی دھاتوں کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث کسی بھی نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ خورکھیرہ نے پیشگی اطلاع ملنے اور اوتھل پولیس کے تعاون سے ایک ٹویوٹا کرولا رجسٹریشن نمبر (BFR-023) کو روکا، تلاشی کے دوران 25 کلوگرام سمگل شدہ چاندی برآمد ہوئی۔ گاڑی میں سوار دو افراد شاہ ولی اور عبدالرزاق کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کر لی گئی ، ضبط شدہ سامان اور گاڑی تحویل میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔ پاکستان کسٹمز کے ترجمان نے کوئٹہ، کراچی اور گڈانی میں کسٹمز انفورسمنٹ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر داخلی و خارجی راستے پر قیمتی دھاتوں اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کو موثر طور پر روکا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ یہ مربوط کارروائیاں پاکستان کسٹمز کی بڑھتی ہوئی نگرانی اور ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت انٹر ایجنسی تعاون کی عکاسی کرتی ہیں جس کا مقصد قومی معیشت کا تحفظ اور قانونی تجارت کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں