پاکستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتا ہے، انجینئر امیر مقام

137

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،یہ دن اقوام عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کی پاسداری کریں ، انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، کشمیری خواتین کی بے حرمتی بھارتی فوج کے لئے روز کا عمل ہے، وادی میں گزشتہ کئی برسوں سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے،بھارت جموں و کشمیر میں ظلم و ستم جاری رکھے ہوئے ہے،بھارتی فوج اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے،ہزاروں خواتین اب تک بیوہ ہو چکی ہیں، ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بچے یتیم ہو چکے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہاکہ دنیا کو سمجھنا ہو گا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں،بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا بھی عہد کرتا ہے۔ نہ صرف آج بلکہ ہر دن حکومت پاکستان سب کے لیے انصاف، مساوات، وقار اور انسانی حقوق کے لئے کام کرتی رہے گی۔