پاکستان کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلہ میں چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پاکستان میں چین کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو چین وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا، یاؤ جنگ

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلہ میں چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، اس مشکل وقت میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، چین کورونا وائرس کی وبا کے اس …

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلہ میں چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، اس مشکل وقت میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، چین کورونا وائرس کی وبا کے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کے چیلنج سے احسن انداز میں نمٹنے اور اس عفریت پر غلبہ حاصل کرنے پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارے لئے سب سے زیادہ خوش آئند بات یہ ہے کہ آج چین میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، ادارے اپنا کام کرتے نظر آ رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کا پہیہ حرکت میں آ چکا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پوری دنیا اس وباء سے نبرد آزما ہونے کیلئے چین کے ماڈل کی پیروی کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے فراہم کردہ آلات، اس وباء سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرسکی وبا سے نمٹنے کے حوالہ سے پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں اور اس مشکل وقت میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ یائو جنگ نے کہا کہ چین اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔