پاکستان کوکاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے اہم مقام بنانے میں حکومت سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، وزیرخزانہ شوکت ترین کی سرمایہ کاری بورڈ کے چئیرمین سے ملاقات میں گفتگو

83

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے سرمایہ کاری بورڈکی جانب سے کاروبار، تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعارف کردہ سہولیاتی ماڈل کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کوکاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے دنیا کے اہم مقام بنانے کے ضمن میں حکومت سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں سرمایہ کاری بورڈکے چئیرمین عاطف بخاری سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

چیرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیرخزانہ کوبورڈ کے طریقہ ہائے کارکے بارے میں بریفنگ دی اورکہاکہ سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاری کے فروغ، تحفظ اورسرمایہ کاری میں سہولت کاری کے حوالہ سے کلیدی ایجنسی کا کرداراداکررہاہے۔سرمایہ کاری بورڈ مقامی اوربین الاقوامی سرمایہ کاروں، نجی اورسرکاری شعبہ کے درمیان رابطہ کاری اورپالیسی وسٹرییٹجک اقدامات کے زریعہ تجارت کے فروغ کیلئے اپناکرداراداکررہاہے،کوویڈ 19 کے تناظرمیں بورڈکاکرداراہمیت کاحامل بن چکاہے، بورڈ سرمایہ کاری کوبرقراررکھنے اورمزیدسرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات کررہاہے۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈکے اقدامات کی وجہ سے 2020 میں پاکستان کاروبارمیں آسانیوں کے حوالہ سے بین الاقوامی درجہ بندی میں 28 پوائنٹس کی بہتری سے 108 ویں پوزیشن پرآگیاہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ اصلاحات کے عمل میں قائدانہ کرداربھی اداکررہاہے، سرمایہ کاری بورڈ نے کئی اصلاحات متعارف کرائی ہے تاکہ نئے کاروبارکی شروعات، تعمیراتی اجازت ناموں کے حصول، پراپرٹی رجسٹریشن، بجلی کا حصول، ٹیکسوں کی ادائیگی، اورسرحدپارتجارت میں سہولیات فراہم کی جاسکے۔ان اقدامات کی وجہ سے پاکستان نے 6 کلیدی اشاریوں میں بہتری دکھائی جس کی وجہ سے مجموعی رینکنگ میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے وزیرخزانہ کوپاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشئیٹوسے بھی آگاہ کیا اورکہا کہ اس کا مقصد سمارٹ ریگولیشن متعارف کرانا ہے۔ چئیرمین نے وزیرخزانہ کوخصوصی اقتصادی زونزپرہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اورکہاکہ بورڈ وفاق اورصوبوں کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کرخصوصی اقتصادی زونز کے قیام اوراسے ترقی دینے کیلئے کام کررہاہے۔اس سے ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی اورنوجوانوں کیلئے روزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

وزیرخزانہ نے سرمایہ کاری بورڈکی جانب سے متعارف کردہ سہولیاتی ماڈل کوسراہا اورکہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کوکاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے دنیا کے اہم مقام بنانے کے ضمن میں حکومت سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔