پاکستان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی صدارت ملنا اعزاز کی بات ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

116

کوئٹہ۔ 11 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طیب اکرام کو آٹھ سال کے لئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی صدارت ملنا اعزاز کی بات ہے 120 ممالک میں سے طیب اکرام کا بلا مقابلہ منتخب ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ پاکستان آج بھی ہاکی کے کھیل کے میدان میں اپنی ایک بھرپور نمائندگی رکھتا ہے جو ملک بھر میں اس کھیل کی ترقی اور ترویج میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان میں ہاکی کے فروغ کا باعث بنے گا،

انہوں نے ہاکی کے کھیل میں پاکستان کے شاندار کھلاڑی سفیان خان کو دنیا کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا ٹائٹل ملنے پر انہیں بھی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان دوبارہ ہاکی کے عالمی افق پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گا اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور نیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدور مل کر ہاکی کے میدانوں کو مکمل طور پر ایک بار پھر سے آباد کریں گے۔

انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی، اور فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین رہنا مجاہد علی خان کو بھی اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور ملک میں اس کھیل کی پیشہ ورانہ فروغ پر ان کی کاوشوں کو اخراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لئے اپنا مکمل تعاون اور سپورٹ فیڈریشن کو فراہم کرے گی اور صوبائی محکمہ کھیل کو اس حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چار بار ہاکی کا عالمی چیمپین رہ چکا ہے اور امید یہی ہے کہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل ک سنہری دور ایک بار پھر سے آئے گا اور عالمی سطح پر یہ کھیل پاکستان کے لئے افتخار کا باعث بنے گا۔