پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست، ثاقب محمود میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

کارڈف۔8جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، 142 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 22ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، ڈیوڈ ملان اور زاک کرولی نے ناقابل شکست نصف سنچریاں سکور کیں، انگلش فاسٹ بائولر ثاقب محمود کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس فتح کے بعد انگلینڈ کو سیریز 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔ جمعرات کو کارڈف میں کھیلے جارہے تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بے بس کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 36 ویں اوور میں ہی 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں ثاقب محمود نے امام الحق اور کپتان بابر اعظم کو آئوٹ کردیا، دونوں اوپنرز صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 17 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد رضوان 13 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے سعود شکیل کی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 سکور بنا سکے۔ اس دوران اوپنر فخر زمان اور صہیب مقصود نے مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 69 گیندوں پر 53 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ دونوں نے مشکل وقت میں وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے۔

تاہم 79 کے مجموعی سکور پر صہیب مقصود 19 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ فخرزمان نے47 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ، ان کی اننز میں 6 چوکے بھی شامل ہیں جبکہ شاداب خان 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں شاہین آفریدی 21 ، فہیم اشرف 5، حسن علی 6، بنا کر آئوٹ ہوئے۔

انگلش فاسٹ بائولر ثاقب محمود نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پارکنسن اور اورٹن نے دو دو جبکہ لوئس گریگوری نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح قومی ٹیم 36 ویں اوورز میں141 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں فتح کے لئے 142 رنز کا آسان ہدف ملا۔ انگلینڈ نے 142 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 22ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

ڈیوڈ ملان اور زاک کراولی نے بائولرز کو بے بس کر دیا اور وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ ڈیوڈ ملان 68 اور زاک کراولی58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ کے واحد آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے، وہ صرف 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ انگلش فاسٹ بائولر ثاقب محمود کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس فتح کے بعد انگلینڈ نے 3 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔