تمام سٹیک ہولڈرز انسداد پولیو کیلئے مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں، وزیراعظم شہباز شریف کی پولیو نگرانی بورڈ کے وفد سے گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع اور پولیو ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ اہم قومی ترجیح ہے، تمام سٹیک ہولڈرز انسداد پولیو کیلئے مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع اور پولیو ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ اہم قومی ترجیح ہے، تمام سٹیک ہولڈرز انسداد پولیو کیلئے مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیو نگرانی بورڈ کے 7 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفد میں روٹری کے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے سربراہ مائیک میکگور، گیٹس فائونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر کرس ایلائیس ، ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف ، گاوی اور پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے تعاون کے دیگر شراکت داروں کے نمائندگان شریک تھے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انسداد پولیو کیلئے تمام شراکت داروں کا حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کیلئے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اہم قومی ترجیح ہے ، تمام سٹیک ہولڈرز انسداد پولیو کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔ وزیراعظم نے جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فائونڈیشن، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن یو ایس اے اور تمام شراکت داروں کے انسداد پولیو کے حوالے سے اقدامات پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر صحت، وزیر مملکت برائے صحت، فوکل پرسن انسداد پولیو، نیشنل کوآرڈینیٹر انسداد پولیو اور حکومتی ٹیم کے تمام ارکان انسداد پولیو کیلئے اقدامات پر لائق تحسین ہیں۔ وفد نے پولیو فری پاکستان کے لیے حکومت کے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے نمایاں پیش رفت پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی

مزید خبریں