اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک خوشحال قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں ڈاکٹر علامہ محمدا قبال کی پیروی کریں، شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر یقین رکھ کر ہم اپنی عزت اور انسانی وقار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے عظیم فلسفی شاعر کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر زبردست خراج …
پاکستان کو خوشحال قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں ڈاکٹر علامہ محمدا قبال کی پیروی کریں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک خوشحال قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں ڈاکٹر علامہ محمدا قبال کی پیروی کریں، شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر یقین رکھ کر ہم اپنی عزت اور انسانی وقار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے عظیم فلسفی شاعر کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے بڑے محسن تھے جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور بعد ازاں ان کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا، علامہ اقبال بہت بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، جس کی بنیاد پر ان کو علیحدہ وطن کے حصول میں بہت مدد ملی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عظیم خدمات سرانجام دیں، ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے برصغیر میں مسلم معاشرے کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے اہل وطن اور خصوصاً نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ ان کی پیروی کریں جس سے جدید دور میں مسلم امہ کو درپیش مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو ایک خوشحال قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں ڈاکٹر علامہ محمدا قبال کی پیروی کریں اور ان کے فلسفہ خودی پر یقین رکھ کر ہم اپنی عزت اور انسانی وقار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب متحد رہنے کی سخت ضرورت ہے اور ہمیں باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے زیادہ عزم سے کام کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد ، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام کا اختتام ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے اس شعر پر کیا۔
ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر







