"عثمان شوکت نے نیویارک یونیورسٹی میں احسن اقبال اور پاکستانی سفیر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی”
پاکستان کو علم پر مبنی معیشت بنانے کے لیے صنعت اور جامعات کا مضبوط اشتراک ناگزیر ہے، عثمان شوکت

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 16 جولائی (اے پی پی):آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے نیویارک یونیورسٹی (این وائی یو) میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر طلبہ، ممتاز ماہرین تعلیم، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نشست میں پاکستان کے ترقیاتی وژن، اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت طرازی اور پائیدار معاشی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے تعلیمی معیار بہتر بنانے، تحقیقی تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔دورہ کے دوران وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور نیویارک یونیورسٹی کی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور علم و تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا، جس سے پاکستانی طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے نئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ صنعت اور جامعات کے درمیان مؤثر روابط اور عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک پاکستان کی معیشت کو علم، تحقیق اور جدت کی بنیاد پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور نیویارک یونیورسٹی جیسے اداروں کے ساتھ تعاون انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں اور جدید علمی مواقع فراہم کرے گا۔نشست کے اختتام پر پاکستان کے بین الاقوامی تعلیمی روابط مزید مستحکم بنانے، تحقیق و اختراع کے فروغ اور طلبہ و نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، تاکہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، باہم مربوط اور عالمی سطح پر مسابقتی ملک بنایا جا سکے۔








