پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے ملکی قیادت کو بروقت اور تیز فیصلے کرنا ہوں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طلباء کے وفد سے گفتگو

President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علم اور جدید مہارتوں کے حصول کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں اخلاقی اقدار اور ہمدردی کے جذبات کو بھی پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے ملکی قیادت کو بروقت اور تیز فیصلے کرنا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

صدر مملکت نے طلباء کو علم حاصل کرنے اور خود کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت ، روبوٹکس وغیرہ جیسے شعبوں میں مہارت کے حصول پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ علم حاصل کرنے کے ساتھ دیانت داری ، اخلاقیات اور اقدار اپناتے ہوئے اپنے اندر معاشرے کے نادار اور کمزور طبقات کی خدمت اور ہمدردری کا جذبہ پیدا کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو معاشی اور مالی بحران سے نکالنے کیلئے ملکی قیادت کو بروقت اور تیز فیصلے کرنا ہوں گے جبکہ ملک کو تیزرفتار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے دیانت دار قیادت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائمری سطح پر داخلوں کی شرح صرف 68فیصد ہے جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں یہ شرح 98 فیصد سے زائد ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔